کوئٹہ( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے کہا ہے کہ صوبے کے اکثر علاقوں میں متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ نااہل صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے صرف زبانی جمع خرچ میں مصروف ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر متاثرین کی عملی طور پر امداد کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی انسانی المیہ جنم لینے سے بچا جاسکے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اورسیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ،لوگوں کے مال مویشی ، سامان اورمکانات بہہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں،پیپلزپارٹی مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔