سیلاب متاثرہ اضلاع کوبروقت امداد نہ ملی تو صورتحال ابتر ہو جائیگی ،میر ذوالفقار جمالی 

Aug 18, 2022


اوستہ محمد(این این آئی)جمالی اقوام کے سربراہ میر ذوالفقار خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جون سے جاری بارشوں نے میں تباہی مچا دی ہے ،صوبے کی تاریخ میں بارشوں اور سیلاب سے اتنے نقصان نہیں ہوئے جتنے امسال ہوئے ہیں ،بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امداد کے لئے سیاسی رہنماؤں اور سینئر بیوروکریٹس پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے یہ بات انہوں نے اوستہ محمد کے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں نقصانات کا تخمینہ لگانا اور ان کا ازالہ کرنا ضلعی انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی بات نہیں صوبے کے تمام متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر ان علاقوں کی بحالی اور امداد کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جو تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں نقصانات کا جائز لے اور بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب بھی کئی ایسے علاقے ہیں جہاں امداد نہیں پہنچ سکی ہے صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاق کو چاہیے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کی بڑھ چڑھ کر امداد کرے اور ان کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ میر ذوالفقارخان جمالی نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اضلاع کواگر بروقت امداد نہیں ملی تو صورت حال ابتر ہو جائے گی ناگہانی صورتحال میں وفاقی حکومت اپنا خصوصی کردار ادا کریں اور بلوچستان کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دلجوئی کرے۔

مزیدخبریں