لاہور(خبرنگار)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرا کے اقتدار نچلی سطح پر عوام کے حقیقی نمائندوں کو منتقل کرنے کی خواہاں ہے جس کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں اپنی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں نیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ لانے کے لیے مختلف پہلوو¿ں پر غور و خوض کیا گیا جبکہ سیکرٹری بلدیات نے مجوزہ ترامیم پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ سابقہ بلدیاتی قانون کو تبدیل کر کے اسے عمران خان کے ویڑن کے مطابق ڈھالا جائے گا تاکہ صوبہ میں صحیح معنوں میں بلدیاتی نظام قائم ہو جس کے تحت مقامی مسائل عوام کے منتخب کردہ مقامی نمائندے ہی حل کریں۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تبدیلی کے لیے ترامیم جلد مرتب کر کے آئندہ پیر تک مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
مجوزہ ترامیم وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کی جائیں گی اور ان کی منظوری کے بعد اسمبلی سے قانون منظور کرایا جائے گا۔ ہمارا منظور کردہ 2019 کا ایکٹ عوامی امنگوں کے قریب تر تھا لیکن اتحادیوں نے محض انا کی خاطر اسے بدل دیا۔ہماری کوشش ہے کہ ای وی ایم کے تحت مکمل طور پر شفاف بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں۔ انہوں نے سیکریٹری بلدیات کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نئے قانون میں عام اور مخصوص نشستوں کی شرح میں موجود عدم توازن دور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کے افسران کو ہدایت کی کہ الیکشن کمشن کے ساتھ موثر رابطہ رکھ کربلدیاتی انتخابات میں حائل تمام رکاوٹیں بلاتاخیر دور کی جائیں۔ اجلاس میں ایم پی اے احمد خان بھچر، سپیشل سیکریٹری بلدیات اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔