لاہور(سپورٹس رپورٹر) وزیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب ملک تیمور مسعود سے انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی۔ ملک تیمور مسعود نے کہا کہ اعصام الحق کو حکومت پنجاب کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے، اعصام الحق پاکستان میں ٹینس کی پہچان ہیں، ان کی قائم کردہ ایس(ACE) ٹینس اکیڈمی کی لاہور میں مکمل سرپرستی کی جائےگی،پاکستان میں ٹینس کے کھیل کی بحالی پر کام کررہے ہیں،پنجاب انٹرنیشل ٹینس سٹیڈیم سے ملحقہ کورٹس میں ایس اکیڈمی کے کھلاڑی ٹریننگ کریں گے۔ پنجاب میں ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ کا خصوصی پروگرام شروع کیا جائےگا،پنجاب میں ٹینس کے فروغ کیلئے 5نئے کورٹس تعمیر کئے ہیں۔
اعصمام الحق نے خیر سگالی سفیر مقرر کرنے پر وزیرکھیل وامورنوجوانان ملک تیمور مسعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے جو ذمہ داری سونپی ہے اس کو احسن طریقے سے سرانجام دوں گا۔ چند روز قبل پنجاب انٹرنیشنل ٹینس سٹیڈیم سے ملحقہ پانچ کورٹس کا افتتاح کیاگیا جو کہ عالمی معیار کے ہیں، محکمہ سپورٹس پنجاب کے اس اقدام سے ٹینس کا کھیل فروغ پائےگا اور کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کرسکیں گے۔ملک تیمور مسعود نے اعصام الحق کو سوینئر بھی پیش کیا۔