پھلیلی نہر کے کنارے پانی کے کٹاﺅ سے کمزور ہو گئے

Aug 18, 2022


ماتلی(نامہ نگار)  کوٹری بیراج سے نکل کر سیری شہر کے قریب سے گزرنے والی پھلیلی نہر کے کنارے پانی کے کٹاﺅ سے کمزور ہو گئے ہیں اور پانی برد ھونا شروع ہو گئے ہیں۔ سیری شہر کی طرف والے کنارے کی صورتحال پانی کے کٹاﺅ کی وجہ سے بہت زیادہ خطرناک ہوگئی ہے۔اس مقام پر شگاف پڑا تو نہ صرف یہ کہ قریبی علاقہ زیرآب آجائے گا بلکہ سیری پل کو بھی نقصان پہنچے گا۔یہ صورتحال گزشتہ کئی ماہ قبل بھی انتہائی مخدوش ہو گئی تھی۔محکمہ آبپاشی کوٹری بیراج کی جانب سے اس کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اسے ٹوٹنے سے بچایا تھا لیکن اب دوبارہ اسی مقام پر پھلیلی کے کنارے کی حالت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے اور کسی بھی وقت شگاف پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے محکمہ آبپاشی کوٹری بیراج کو ڈیڑھ ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا تھا جس سے پھلیلی نہر کی زیرو آر ڈی سے لے کر ٹیل تک کمزور کناروں کو مضبوط کرنے اور حساس مقامات کی پیجنگ کے لئے تین چہیتوں کو تین تین الگ الگ ٹھیکے دیئے گئے تھے اور یہ کام محکمہ آبپاشی اور سیڈا کے افسران کی نگرانی میں کرایا جانا تھا۔
لالو کوٹ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین خراب‘ مسافر پریشان
پڈعیدن (نامہ نگار) پڈعیدن کے قریب کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن پر پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی بوگی میں خرابی ٹرین ڈھائی گھنٹہ گھڑی رہی،پڈعیدن سے امدادی ٹیم روانہ ٹرین لیٹ ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے قریب کوٹ لالو کے مقام پر پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی بوگی نمبر 6585 میں اچانک خرابی ہو گئی جس کے باعث ٹرین کو روک دیا گیا، ٹرین ڈھائی گھنٹہ گھڑی رہی جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مسلسل انتظار کے بعد نوابشاہ اور حیدرآباد جانے والے متعدد مسافر ٹرین چھوڑ کر مہران ہائی وے سے وین پر روانہ ہوگئے تاہم پڈعیدن ریلوے اسٹیشن سے امدادی ٹیم کو طلب کیا گیا،پڈعیدن لوکو انجینئر عبدالرزاق منگریو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کوٹ لالو پہنچ کر مرمتی کام مکمل کرنے کے بعد ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر ٹرین چار گھنٹہ تاخیر کا شکار سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں