لاہور (نامہ نگار) لاہورکے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتیں‘ شہری لاکھوں روپے نقدی‘ زیورات، موبائل، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سامان سے محروم جبکہ مزاحمت پر فائرنگ کر کے پٹرول پمپ کے کیشئر کو زخمی کردیا۔ ہنجروال میں ڈاکو نے پٹرول پمپ پر واردات کے دوران فائرنگ کر کے کیشیئر وسیم کو شدید زخمی کر دیا۔ گرین ٹاؤن میں ایان کے اہلخانہ سے 8 لاکھ روپے‘ زیورات، موبائل و دیگر سامان، ہڈیارہ میں غلام عباس سے ایک لاکھ 80ہزار‘ جوہر ٹاؤن میں عثمان سے 50ہزار اور موبائل، نشتر کالونی میں ندیم سے 32 ہزار اور موبائل، شادباغ میں احمد سے 30 ہزار اور موبائل، ہربنس پورہ میں شفیق سے 30 ہزار‘ سمن آباد میں سہیل سے 20 ہزار اور موبائل، نشتر کالونی میںافضل سے 17 ہزار اور موبائل، نواب ٹاؤن میں مستنصر سے 15ہزار اور موبائل، رائیونڈ سٹی کے علاقے اڈا پلاٹ میں ساجد سے 12ہزار اور موبائل، شفیق آباد میں سجاد سے ہزاروں روپے اور موبائل، شاہدرہ میں مرزا علی سے 10 ہزار اور موبائل، ماڈل ٹاؤن میں شہزاد سے 8 ہزار اور موبائل، مانگا منڈی میں نعیم سے 5 ہزار اور موبائل،گلشن راوی میں اصغر سے 4 ہزار اور موبائل لوٹ کر نشتر کالونی میں امتیاز سے موٹر سائیکل اور موبائل شاہدرہ میں منور کے گھر سے ساڑھے 4 لاکھ روپے، زیورات اور دیگر سامان فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔ فیصل ٹاؤن‘ ساندہ اور اقبال ٹاؤن سے3 کاریں، شفیق آباد سے 2 رکشہ جبکہ نولکھا، لاری اڈہ، جنوبی چھاؤنی، مانگا منڈی، مسلم ٹاؤن ، کوٹ لکھپت ، اچھرہ اور گرین ٹاؤن سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ دوسری طرف ہربنس پورہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سولی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نصراللہ عرف سردار ہلاک جبکہ ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہربنس پورہ میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے شہری سے واردات کی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے تعاقب کر کے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکوؤں کو روکا تو دوسری موٹر سائیکل پر سوار ان کے ساتھی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ جس کی زد میں آکر ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ جبکہ 2 موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ مرنے والا ڈاکو ڈکیتی و قتل جیسے متعدد سنگین واقعات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ جس نے ساہیوال میں دوران مزاحمت ایک پولیس رضاکار کو بھی جاں بحق کیا تھا۔ اسی طرح پولیس نے نارووال میں90 لاکھ روپے بنک ڈکیتی کرنے والے ملزموں کو واردات کے بعد دس گھنٹوں میں گرفتار کرکے لوٹی رقم برآمد کرلی۔ ڈی پی او نارووال انور سعید کنگرہ نے بتایا کہ 2 روز قبل تقریباً دس بجے صبح بنک کی کیش وین سے 90 لاکھ روپے چھیننے کی کال موصول ہوئی۔ واقعہ میں ملوث 2 ڈاکوؤں نے 2 سکیورٹی گارڈز کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا۔ آر پی او گوجرانوالہ نے فوری ٹیمیں تشکیل دیکر ملزموں کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ پولیس نے نہایت کم وقت محض دس گھنٹوں میں مرکزی ملزموں سبطین اور راشد عرف منا کو گرفتار کر لیا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم 90 لاکھ روپے برآمد کر لی۔ جبکہ ملزموں کے سہولت کاروں کی گرفتار ی کے لئے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
وارداتیں/ ڈاکو ہلاک