شہباز شریف، نواز شریف کی واپسی سے اپنے پاؤں پر کلہاڑی نہیں مارنا چاہتے: عمر چیمہ 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شوباز شریف نے زرداری کیساتھ ملکر ن میں سے ش نکال ہی لی۔ ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف اپنے فائدے کیلئے نہ مریم کو باہر جانے دے سکتے اور نہ نواز شریف کوواپس آنے دے سکتے ہیں۔ شوباز شریف خود چیر ی بلا سم وزیر اعظم بن گئی اور بیٹے کو زبردستی غیر آئینی اور غیر قانونی وزیراعلی بنوا دیا۔ (ش) لیگ کی پانچوں انگلیاں گھی میں جبکہ (ن) لیگ دربدر خوار ہو رہی ہے۔ شوباز نواز شریف کی واپسی سے اپنے پاؤں پر کلہاڑی نہیں مارنا چاہتے اور نہ اپنی سیاسی دکان بند کرنا چاہتے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ (ش) لیگ نے زرداری کیساتھ ملکر نواز شریف کو سیاست سے آؤٹ کر دیا ہے۔ (ن) میں سے ش نکالنے کے بعد شوباز نے (ش) لیگ کی باگ ڈور زرداری کو تھما دی ہے۔ شوباز نواز شریف کی بجائے زرداری کی پالیسی پرچل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کی رکھوالی کرنے والے عمران خان پر بہتان تراشی پی ڈی ایم کی ذہنی پسماندگی کا ثبوت ہے۔ بجلی کے بلوں میں اضافہ نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے قوم کو مہنگائی، بے روزگاری کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے کا مشن پر گامزن ہے۔ پنجاب حکومت نے عمران خان کے وژن کے مطابق اہل پنجاب کو گریجویشن تک مفت تعلیم کا تحفہ دے رہی ہے۔ شہداء کے خاندانوں کیلئے پنشن میں چار گنا اضافہ اور بچوں کی مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنے والے پانی سے سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جسڑ کے مقام پر 48 ہزار کیوسک جبکہ شاہدرہ کے مقام پر 29 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ پنجاب حکومت ڈی جی خان ڈویژن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عمر چیمہ 

ای پیپر دی نیشن