لاہور(کامرس رپورٹر )وزیر خزانہ پنجاب محمد محسن لغاری نے کہا ہے کہ احساس پنجاب کے تحت ابتدائی طور پر کم آمدن والے گھرانوں کی روز مرہ مشکلات میں کمی کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام متعارف کروایا جائے گاجس ذریعے مستحق خاندانوں کو اشیاءخوردونوش کی رعایتی قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے نیشنل بنک آف پاکستان، نادرا اور موبائل فون کمپنیوں سے استفادہ کرتے ہوئے کریانہ سٹورز کو ڈیجیٹل ایکو سسٹم کا حصہ بنایا جائے گا جو مستحقین تک آسان رسائی کے ساتھ ساتھ پروگرام کی شفافیت کو بھی یقینی بنائے گا۔ احساس راشن رعایت کے علاوہ معذور افراد کو علاج کی سہولیات فراہمی اور کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت بھی پنجاب احساس پروگرام کا حصہ ہو گی۔ مزید برآں احساس پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے احساس پاورٹی ایلیویشن اینڈ سوشل پروٹیکشن ایکٹ2022ءکی منظوری بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز احساس پنجاب پروگرام کی سٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیٹر و مشیر برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین و سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور محکمہ خزانہ کے متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ صو بے میں پروگرام کے موثر نفاذ کیلئے تمام اضلاع میں احساس ڈیسک قائم کیے جائیں گے جو مقامی سطح پر پروگرام سے متعلق مکمل آگاہی اور معلومات کی فراہمی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ احساس ڈیسک کیلئے خدمت سینٹرز سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا پاکستان تحریک انصاف ملک کی پہلی جماعت ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ پناہ گاہوں کا قیام اور لنگر خانوں کا اہتمام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہیں جنھیں آنے والے دنوں میں مزید موثر بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے پنجاب میں احساس پروگرام کے تحت بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے اور ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
احساس راشن رعایت کے علاوہ معذور افراد کو علاج کی سہولیات فراہمی اور کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت بھی پنجاب احساس پروگرام کا حصہ ہو گی:محمد محسن لغاری
Aug 18, 2022