کشمیر پریمیئر لیگ کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے:نیئر شہزاد عباسی

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)کشمیر یونائیٹڈ گلوبل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کشمیر پریمیئر لیگ کے کوآرڈینیٹر نیئر شہزاد عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ نے ریاست کے نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ،آزادکشمیر کے 35کھلاڑی مختلف ٹیموں میں شامل ہیں ،مظفرآباد شہر کے میدان کو آباد کرنے میں کشمیر پریمیئر لیگ کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے، آزادکشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اس طرح کے بڑے ایونٹ منعقد کرنے سے پوری دنیا میں ریاست کا مثبت چہرہ پیش کیا جا سکتا ہے ۔ کشمیر پریمیر لیگ آزادکشمیر میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہی ہے ،کنڈم ویلی اور جموں جانباز کے مالک آزادکشمیر میں کرکٹ اکیڈمی کا قیام عمل میں لانا چاہتے ہیں ۔ پہلے سے موجود میدانوں کی تعمیر نو اور نئے میدانوں کو بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے آزادکشمیر میں کرکٹ کو بے پناہ ترقی حاصل ہو سکتی ہے ۔ آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں کے نوجوان کھلاڑی نا مساعد حالات میں بھی اپنے ٹیلنٹ کی بدولت کے پی ایل میں پہنچے ہیں ،اگر انہیں بین الاقوامی میعار کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر مل جائیں تو یقینا آزادکشمیر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے ۔ آزادکشمیر خوبصورت پہاڑوں کی سرزمین ہے جسے دنیا بھر کو دکھانے کیلئے کشمیر پریمیئر لیگ نے بہترین کردار ادا کیا ہے ،مظفرآباد میں تمام ہوٹلز ، ٹرانسپورٹ ، ریسٹ ہاوسز کا کاروبار ہزاروں کی تعداد میں شائقین کے آنے سے وسیع ہوا ہے ،آزادکشمیر کے اس بڑے ایونٹ سے نا صرف مثبت چہرہ دکھانے کا موقع ملا بلکہ بے پنا ہ فوائد بھی حاصل ہو رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر رہاہے ، آزادکشمیر میں کرکٹ کا اتنا بڑا میلہ دنیا کو پیغام دے رہا ہے ،آزادکشمیر کے اس ایونٹ کو دنیا کے درجنوں ممالک میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ،کشمیر پریمیر لیگ کشمیریوں کا برانڈ بن چکا ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن