کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کی احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی کردی ۔ شریک ملزم شیخ عمران الحق کے وکیل نے دلائل دینے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کرلی ہے ۔احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنس کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کے وکیل نے دلائل دینے کیلئے مہلت طلب کرلی۔ مہلت طلب کرنے پر عدالت نے ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔ دائر درخواست میں نیب رولز میں ترمیم کے بعد ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں نہیں ہوسکتی۔ سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوتھا سال ہے کیس کو ہم تو آتے ہیں کیس نہیں چلتا۔ اس کیس میں نیب نہ ثبوت پیش کرسکتی ہے نہ گواہ پیش کرسکتے ہیں۔ نئے چیئرمین سے امید ہے کہ ناانصافی کو ختم کیا جائے۔ ثبوت ہے تو کیس چلائیں اور سزا دلوائیں۔ پتہ نہیں کونسے مقاصد ہیں نیب کے۔ کوئی افسر کام کرنے کو تیار نہیں۔ نئے چیئرمین نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کیسیز کو ریویو کریں۔ جن کی زندگی مفلوج کردی ہے نیب نے ان کو ریلیف دیا جائے۔ ہزاروں لوگ نیب کے جھوٹے مقدمات میں جیل میں ہیں۔ انصاف کا تقاضہ ہے کہ کیس چلائیں ثبوت لائیں۔ نیب کے سابق چیئرمین اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھیں۔ عوام کو پتہ چلے جھوٹے مقدمات بنانے والے کی حقیقت کیا ہے۔ 1100 ارب کے حساب جس نے لینے ہیں لے لے۔ 150 کروڑ روپے کا وہ خود حساب دیدیں۔ ہم کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے۔ بھارتی اور اسرائیلی شہریوں سے آنے والی رقم کا کون حساب دیگا۔ ہمارا کوئی کیس نیب نے ختم نہیں کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کے الیکٹرک حکومت پر بوجھ نہیں ڈالتی۔ جتنی سستی بجلی بن سکتی تھی بنا رہے ہیں۔ چار برسوں میں بجلی کی پیداوار میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ چار سالہ غفلت کا اثر کچھ وقت تک عوام پر رہے گا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میاں صاحب علاج کے غرض سے گئے ہیں انکی واپسی کا فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔ آج کی سیاست میں دھمکیوں کی گنجائش نہیں ہے۔ پنجاب میں سیاسی کشیدگی کا فیصلہ عدالت نے کیا اور ہم نے تسلیم کیا۔ سیاسی کشیدگی کا اثر معیشت پر پڑتا ہے۔ رانا ثنا اللہ کی جے آئی ٹی میں طلبی بیوقوفی ہے۔ وفاقی وزرا پر مقدمات بنانے ہیں تو بنائیں۔
شاہد خاقان
غیرقانونی بھرتی ریفرنس‘ شاہد خاقان و دیگر ملزمان احتساب عدالت پیش
Aug 18, 2022