کابل (این این آئی)افغان طالبان کے وزیر انصاف شیخ مولوی عبدالحکیم شریعی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے،جمعرات کو حکومت کے احتساب پروگرام کے سلسلے میں وزارت انصاف کی ایک سالہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیرانصاف نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں مکمل طور پر روک دی گئی ہیں کیونکہ مذکورہ جماعتوں کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے، ان جماعتوں سے قوم کے مفادات وابستہ ہیں نہ قوم انہیں پسند کرتی ہے، وزارت انصاف کی ایک سالہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں طالبان حکومت نے 38 قانونی دستاویزات، 10 پالیسی متوازن اور ایک قانون سمیت 49 قانونی دستاویزات کا مسودہ تیاری کے بعد منظور کرکے متعلقہ حکام کو بھیج دیا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں 1401 افراد کو وکالت کے لائسنس جاری کیے گئے یا ان کی تجدید کی گئی۔ جب کہ ملک بھر میں 1000 قانون سے آگاہی کے عوامی پروگرام شروع کیے گئے۔