کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر ہاو¿س سندھ میں جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نگران وزیراعلی سندھ سے حلف لیا۔ تقریب میں سبکدوش وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، مظفر شاہ، سبکدوش سندھ کابینہ اراکین، ایم کیو ایم کے اظہار الحسن و فاروق ستار سمیت دیگر متحدہ اراکین، اعلیٰ افسران، سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکار، اعلی سول و عسکری حکام سمیت سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ ہاو¿س میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے، مناسب یہی ہوگا کہ عام انتخابات 90 روز کی مقررہ مدت میں منعقد کرائے جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین کے مقررہ وقت کے اندر عام انتخابات ہوں تو یہ مثالی ہوگا، نگران حکومت اپنی آئینی پوزیشن کے حوالے سے ایک جامع نظریہ رکھے گی۔ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا فیصلہ تمام متحرک سیاسی جماعتوں نے کیا ہے اور صوبے کے نگران وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے وہ اس عمل میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر حکومت ان کی مدد کرے گی۔