اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں کو آسان، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے وفاقی محتسبین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعات کے متبادل حل سے عدالتی نظام پر بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، محتسب کے کردار کی اہمیت کے پیش نظر اس کے بارے میں بھرپور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی انشورنس محتسب آسان اور فوری انصاف کے حصول کے لیے عام لوگوں میں اعتماد پیدا کرنے میں اہم کام کر رہا ہے۔"انشورنس محتسب اور دہلیز پر تیز رفتار انصاف کا تصور" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پانچوں محتسب بشمول وفاقی محتسب ، وفاقی انشورنس محتسب، وفاقی بینکنگ محتسب، وفاقی ٹیکس محتسب اور وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی ان کے دفتر کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔ "انشورنس محتسب اور دہلیز پر تیز رفتار انصاف کا تصور" سیمینارز کی سیریز کا ایک حصہ ہے جس میں انشورنس کے شعبے کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کی اعلیٰ شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تاکہ انشورنس کے کاروبار میں بہتری اور شفافیت کے لیے قیمتی آرائ اور وڑن پیش کریں۔
عارف علوی