لاہور (اے پی پی) ترجمان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جمعرات کو جاری بیان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں 69 ہزار 220 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، خدشہ ہے کہ بھارت 20 اگست تک دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دے گا، دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع دریائے ستلج پر واقع ہیں، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، کنٹرول روم 24 گھنٹے دریاﺅں اور بیراجز پر پانی کے بہاﺅ کو مانیٹر کر رہا ہے، تمام محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے وافر فنڈز دے رکھے ہیں، ڈپٹی کمشنرز کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز فلڈ فائٹنگ پلان پر ضرورت کے مطابق نظرثانی کرتے رہیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں، تمام محکمے، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔
سیلاب خطرہ
گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ، پی ڈی ایم اے
Aug 18, 2023