جڑانوالہ واقعہ سوچی سمجھی سازش ، ناکام بنانا ہے : محسن نقوی 

Aug 18, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور ادیان کے قائدین اور زعماء (مسلم، کرسچن، سکھ، ہندو، بہائی) کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جڑانوالہ میں گزشتہ روز انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پوری قوم کو اس واقعہ پر تشویش ہے اور دکھی ہے۔ ابتدائی تحقیقات ہوئی ہیں جس سے ثابت ہوا ہے کہ یہ سوچی سمجھی سازش ہے۔ یہ کوئی عام واقعہ نہیں، پوری قوم مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ دین اسلام اور نبی پاک نے اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں تمام چیزوں کو واضح کر کے بیان کیا گیا ہے کہ ایسے واقعات سے کیسے اجتناب کرنا ہے۔ دکھ کی بات ہے کہ جس نے بھی یہ کوشش کی پورے پلان کے ساتھ کی تاکہ ملک میں آگ لگ سکے اور آپس کے ا تحاد کی فضا کو خراب کیا جا سکے۔ علماء کرام، مسیحی برادری اور دیگر اقلیتی رہنماو¿ں کے ساتھ مل کر آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام موثر حکمت عملی بنانا ہو گی۔ چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچے اور رات 2 بجے واپس آئے۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی نے پوری کوشش کی کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہ ہو اور دونوں افسروں نے صورتحال کو اچھے انداز سے ہینڈل کیا۔ واقعہ میں ہونے والے نقصان کو جلد از جلد پورا کیا جائے گا اور عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ پاکستانی اور مسلمان ہونے کے ناطے آپ کا نقصان پورا کرنا میرا فرض ہے۔ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ آئندہ تین چار روز میں چیزوں کو اصل حالت میں بحال کریں گے۔ ہماری ٹیمیں بحالی کا کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماءکرام سے درخواست ہے کہ بھائی چارے، تحمل، برداشت اور اتحاد کے حوالے سے دین اسلام اور نبی پاک کی تعلیمات کو عوام تک پہنچائیں۔ ہم سب پاکستانی ایک ہیں، جو بھی سازش کرے گا اسے ناکام بنانا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ ایسے واقعات کی پاکستان اور دین اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔ علاوہ ازیں اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام میں پاکستان میں بسنے والے دیگر تمام مذاہب اور اقلیتی رہنماو¿ں کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام مذاہب اور ادیان کی لیڈرشپ اور دینی شخصیات قومی یکجہتی، ملکی استحکام، بین المذاہب مکالمہ اور مجموعی امن و امان کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔ محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دور ہ کیا۔ نئی ایمرجنسی میں علاج معالجے کا جائزہ لیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں اور تیمارداروں سے مہیا کردہ طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی دستیابی کے بارے پوچھا۔ محسن نقوی نے مریضوں سے بر وقت چیک اپ کے بارے میں استفسار کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے چیک اپ اور ایکسرے میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔ بعض ڈاکٹرز اور عملہ بھی موجود نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کو مریضوں کے فوری چیک اپ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں مریض کے چیک اپ میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ محسن نقوی سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر جنگمن ہوانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور زراعت، فارم ٹومارکیٹ روڈز، واٹر ریسورس مینجمنٹ اور اربن ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے اے ڈی بی کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب حکومت کا ترقی و خوشحالی کے سفر میں بہترین پارٹنر ہے۔

مزیدخبریں