کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم (پاکستان) کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ کنور نوید جمیل کئی ماہ سے برین ہیمرج کا شکار تھے، سابق رکن قومی اسمبلی کئی ماہ سے کوما میں اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق کنور نوید جمیل کی نماز جنازہ آج دوپہر ڈیڑھ بجے مصطفی مسجد ڈی ایچ اے فیز ون میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین ڈی ایچ اے فیز 8 کے قبرستان میں ہوگی۔ کنور نوید جمیل 15 مارچ 1964 کو پیدا ہوئے، وہ 1990میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی، 2002میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، 2005میں صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دے کر ضلع حیدرآباد کے میئر منتخب ہوئے۔ کنور نوید جمیل 2015میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2015کے ضمنی انتخاب میں انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار عمران اسماعیل کو شکست دی تھی، وہ 2018 میں ایک بار پھر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ‘ گورنر سندھ کامران ٹیسوری و دیگر نے ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم و سابق رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کنور نوید جمیل کے انتقال سے تحریک ایک سینئر اور مخلص ذمہ دار سے محروم ہوگئی جنہوں نے تحریک سے وابستہ رہتے ہوئے تمام صعوبتیں برداشت کیں اور ثابت قدمی کے ساتھ تحریک سے جڑے رہے۔ رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم کنور نوید جمیل کے اہلخانہ کے غم میں برابر شریک ہیں۔
کنور نوید انتقال
ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل انتقال کرگئے
Aug 18, 2023