بابائے اردو سے موسوم ”مولوی عبد الحق عالمی ایوارڈ“کے اجراءکا فیصلہ


کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل اردو کالج و یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن نے بابائے اردو کی باسٹھویں برسی کے موقع پر 'مولوی عبد الحق عالمی ایوارڈ' کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ ایوارڈ اردو زبان کی ترویج و ترقی، عالی سطحی ادب کی تخلیق اور پاکستان میں قومی زبان کے آئینی نفاذ میں اہم کردار کی ادائیگی پر دیا جائے گا۔ ایوارڈ کے ڈیزائن کی تیاری سید نسیم شاہ، محمد حلیم خان غوری اور اشرف اقبال پر مشتمل ایک سہہ رکنی کمیٹی کرے گی۔ اس امر کا اعلان کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر محفوظ النبی خان نے اردو زبان کے فروغ کے لئے بابائے اردو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے اردو کے مشن کو آگے بڑھانے میں وفاقی جامعہ اردو اور انجمن ترقی اردو اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس مقصد کے لئے جامعہ اردو کے طلبا بالخصوص تعمیری کردار ادا کرسکتے ہیں تاہم انہیں متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ محفوظ النبی خان نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی جامعہ اردو کی خودمختار حیثیت پر شب خون مارنے والے ترمیمی بل کو واپس بھیج کر جامعہ اردو کے نصب العین کا تحفظ کرکے عظیم قومی خدمت سر انجام دی ہے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی جامعہ اردو کی نصابی سرگرمیوں کو موثر بنانے کے لئے یونیورسٹی کے چانسلر اور وائس چانسلر کو اختیارات کی تفویض ضروری ہے۔ موجودہ صورتحال میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضیا الدین جس طرح کے نامساعد حالات میں یونیورسٹی کا نظم بحسن و خوبی برقرار رکھے ہوئے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی وزارت تعلیم پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کی مالی گرانٹ فوری طور پر جاری کریں تاکہ جامعہ کے ملازمین و پینشنرز کو بروقت ادائیگی ممکن ہو۔
 عارف علوی 

ای پیپر دی نیشن