کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان خواتین ونگ کراچی کی جانب سے تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے عظیم شہداءوبانیان پاکستان اور وطن عزیز کی سلامتی کے لئے دشمن کی فوج سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہدائے پاک فوج کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اہتمام کیاگیا، اس سلسلے میں 17قرآن شریف، 17000 درود شریف ، 117درود تاج، 117درودتنجینا، 117درود غوثیہ، 17سورہ ملک، 17سورہ رحمان، 17سورہ مزمل، 17سورہ یاسین، 1700 آیت کریمہ، 1700کلمہءطیب اور 17000کلمات پڑھ کر ایصال ثواب کیاگیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر جمعیت علمائے پاکستان خواتین ونگ کراچی باجی شاہدہ حقانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہدائے نے اپنے خون سے تحریک پاکستان کو جلابخشی، ہم اپنے اکابرین اور شہداکو کبھی فرامو نہیں کرسکتے، پاکستان یقیناً اولیاءاللہ کا فیضان اورہمارے پاس اپنے اکابرین کی امانت ہے، اس کی حفاظت اور تعمیروترقی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کا آغازکرنے والے عظیم مجاہد اعظم حضرت علامہ فضل حق خیرآبادیؒ نے انگریز سے جنگ کے لئے سب سے پہلافتویٰ جاری فرمایاجس کی پاداش میں انہیں بدترین سزائیں بھگتنی پڑی اور پھانسی کی سزاپاکر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے لیکن ان کے پایہءاستقلال میں ذرہ برابر جنبش نہیں آئی، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مقاصد پاکستان کی تکمیل کے لئے نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ علماءمشائخ میدان عمل میں نکلیں اور نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کا آغاز کریں،مائیں بہنیں بیٹیاں اپناکرداراداکرنے کے لئے تےار ہیں اور قائدین کی کال پر لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں نکلیں گی۔ جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) خواتین ونگ کراچی کی چیف آرگنائزر باجی شاہدہ حقانی نے کہا کہ قیام پاکستان میں علماءمشائخ کا کلیدی کردارناقابل فراموش ہے، برصغیر کے علماءمشائخ نے تحریک پاکستان کی مکمل حمایت کی بلکہ بنارس سنی کانفرنس میں باقاعدہ یہ اعلامیہ جاری کیاگیا کہ خدانخواستہ قائداعظم محمد علی جناحؒ بھی حصول پاکستان کے مطالبے سے دستبردار ہوجائیں تب بھی ہم اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پاکستان حاصل کرکے رہیں گے، اس سلسلے میں حضرت سید جماعت علی شاہؒ، حضرت سید احمد سعید کاظمی ؒ ، مولاناعبدالحامد بدایونیؒ سمیت اکابر علماءمشائخ کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خصوصاً قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ کے والد گرامی اور امام الشاہ احمدرضاخاں فاضل بریلویؒ کے خلیفہ مجازمبلغ اعظم حضرت شاہ عبدالعلیم صدیقی میرٹھیؒ نے دنیابھر میں قیام پاکستان کے لئے رائے عامہ کو ہموار کیا اور دنیاکو پاکستان کے قیام کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ فرمایاجس پر قائداعظم محمدعلی جناح نے انہیں سفیر اسلام کا خطاب دیا۔ قیام پاکستان کے بعد پہلی عید کی نماز بھی قائداعظم محمدعلی جناح نے ان کی اقتداءمیں اداکی۔
جے یوپی خواتین ونگ
جے یوپی خواتین ونگ کی جانب سے شہدائے تحریک پاکستان کے لئے ایصال ثواب
Aug 18, 2023