سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی شکایت پر اردو بازار میں پولیس ایکشن ، کئی پبلشرز گرفتار 

Aug 18, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی شکایت پر پولیس نے کراچی اردو بازار میں کارروائی کرتے ہوئے کئی پبلشرز کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی شکایت پر کراچی تھانہ آرام باغ پولیس نے اردو بازار میں کارروائی کرتے ہوئے کئی پبلشرز کو حراست میں لے لیا ہے جن پر پرائیویٹ پبلشر کے طور پر درسی کتب چھاپ کر فروخت کرنے کا الزام ہے۔اردو بازار کراچی کے کئی دکاندار پرائیویٹ پبلشر کے طور پر درسی کتب چھاپ کر فروخت کر رہے تھے، دکانداروں کا یہ عمل سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے قانون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ کوئی بھی پبلشر سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی منظوری کے بغیر کتاب چھاپ کر فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہے۔سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق تمام پبلشرز نے خود کو بورڈ میں بحیثیت پرائیویٹ پبلشر رجسٹرڈ کرایا ہے اور ان کے اس اقدام سے بورڈ کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بورڈ کے مطابق مذکورہ پبلشرز غیر قانونی طور پر درسی کتب چھاپ رہے تھے جب کہ ان کی چھاپی گئی کتابوں میں متنازع مواد بھی شامل ہے۔ والدین اور سول سوسائٹی کی جانب سے 
اس حوالے سے شکایات موصول ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے ایف آئی اے میں بھی شکایت جمع کرائی جائے گی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ آرام باغ تھانے میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین آغا سہیل پٹھان کی ہدایت پر درج کر لیا گیا ہے اور گرفتار افراد کو اسی تھانے میں رکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں