کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مایوس ہونے کے بجائے اپنے مسائل کے حل اور حق کے لیے کرپٹ اور نااہل حکمران ٹولے کے خلاف مزاحمت اور ان سے نجات کے لیے جدوجہد کریں ،امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر نگراں حکومت کی جانب سے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے خلاف جمعہ 18اگست کوملک گیر سطح پر یوم احتجاج کے سلسلے میں شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفرخان، نائب امیرکراچی راجہ عارف سلطان اورسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عام انتخابات وقت پر کروانے پر توجہ دیں ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیاجائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے، ملک میں ناانصافی پر مبنی ٹیکس کا نظام عائد ہے ، سالانہ زرعی املاک سے سالانہ صرف4ارب جب کہ تنخواہ دار طبقے سے 300ارب روپے سالانہ ٹیکس وصول کیا جاتاہے، جاگیرداروں اور وڈیروں کو ٹیکس فری کردیا جاتا ہے ،سرکاری افسران اور حکمران کی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے بجائے ساراعوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے،پیٹرول کی قیمتوں میں 15دن میں 38روپے کا اضافہ جبکہ بجلی کی قیمتوں میں9روپے کا اضافہ عوام پرظلم ہے ،عوام اس کے متحمل نہیں ہوسکتے ،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے بھی 15سال میں کراچی سمیت پورے صوبے کے عوام کو محرومیوں کے سوائے کچھ نہیں دیا، 18سال ہوگئے اب تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا بلکہ منصوبے کی لاگت دوگنا کردی،زبانی جمع خرچ اور کاغذی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا گیا،شہر میں 2500سے زائد مین ہول ایسے ہیں جن پر ڈھکن موجود نہیں ہیں ، یہ کہہ کر جان نہیں چھڑائی جاسکتی کہ نشئی ڈھکن چوری کرلیتے ہیں ، میئر اور ڈپٹی میئر کی ذمہ داری ہے کہ گٹر کے ڈھکن لگوائیں اور ڈھکن چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اورعوام دشمن حکمران جماعتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی ،عوام اس جدوجہد کا حصہ بنیں ،جڑانوالہ کے افسوس ناک واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔
حافظ نعیم
عوام کرپٹ و نااہل حکمرانوں کےخلاف مزاحمت کریں ¾ حافظ نعیم
Aug 18, 2023