لاہور(سپورٹس رپورٹر)بوائز انڈر 16 فٹبال کیمپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہو گیا ہے۔ ہیڈ کوچ سجاد محمود، اسسٹنٹ کوچ حسن بلوچ اور گول کیپنگ کوچ جعفر خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے سرگرم ہیں۔یاد رہے کہ فروری سے جون تک ملک گیر ٹرائلز 200 بہترین فٹبالرز کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ایبٹ آباد میں 15روزہ تربیتی کیمپ کیلئے 50 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا،اب دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہوا ہے۔ ٹریننگ میں حصہ لینے والے 50 کھلاڑیوں میں سے منتخب 23 رکنی سکواڈ ساف انڈر 16 چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کرے گا۔ پاکستان ٹیم کو گروپ ’’بی‘‘ میں بھوٹان اور مالدیپ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پہلا مقابلہ یکم ستمبر کو میزبان ٹیم، دوسرا 3 ستمبر کو مالدیپ سے ہوگا۔ہیڈ کوچ سجاد محمود کا کہنا ہے کہ کھلاڑی دوسرے مرحلے میں ٹریننگ کیلئے تیار ہیں، تربیتی کیمپس میں ٹیم کو انٹرنیشنل چیلنجز کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش ہورہی ہے، پریکٹس گیمز کے دوران کچھ کھلاڑیوں کی معمولی غلطیوں کو دور کرنے کیلئے کام کیا گیا ہے،ٹیم سے ساف چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔