لاہور(سپورٹس رپورٹر) دوسرا جشن آزادی ویمن بیس بال کپ پاکستان گرین نے جیت لیا۔ پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 3 کے مقابلے میں 9 رنز سے شکست دی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر پاکستان سپورٹس بورڈ سعید اختر نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے فنانس سیکرٹری طاہر محمود، خاور شاہ ویمن بیس بال اکیڈمی کے صدر زاہد اعوان اور کوچ ارشد خان کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان گرین کی کپتان شازیہ جاوید اور ندا اکرم نے 2، 2 جبکہ ماہنور، پرخہ،حنا زمان، کائنات اور فزا سرور نے 1، 1 رن سکور کیا۔ پاکستان وائٹ کی جانب سے رامین ناز نے 2 اور خیرالنساء نے 1 رن سکور کیا۔ واضح رہے کہ جشن آزادی کپ کا آغاز گزشتہ سال راولپنڈی سے ہوا تھا جو ڈی پی ایس راولپنڈی کی ٹیم نے جیتا تھا۔