کئی روز کے تعطل کے بعد بالآخر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقرری کا مسئلہ حل ہوگیا۔ علی مردان ڈومکی اس عہدے پر متمکن ہوں گے جن کی تقرری کی منظوری ہوچکی ہے اور گورنر بلوچستان ملک ولی خان کاکڑ نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد نگراں وزیر اعلیٰ علی مردان ڈومکی آج ہی عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ان کی تقریب حلف برداری آج شام گورنر ہاؤس میں ہوگی اور گورنر بلوچستان ملک ولی خان کاکڑ ان سے حلف لیں گے۔ واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام پر وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تقرر، بی اے پی 2 دھڑوں میں تقسیم نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری پر بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی تھی جس میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور ہم خیال گروپ پر مشتمل ایک دھڑے نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے علی مردان ڈومکی کو نامزد کیا تھا اور اپوزیشن نے اس نام کی تائید کی تھی تاہم تاہم اسی جماعت کے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اس نام کو مسترد کر دیا تھا۔