پنجاب نے بجلی پر ریلیف مفت میں نہیں پیسے دےکرلیا ہے، مریم کا مصطفیٰ کمال کو جواب

Aug 18, 2024 | 09:23

پنجاب میں بجلی سستی کرنے کے معاملے  پر   وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز   نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی تنقید پر انہیں جواب دیا ہےکہ پیارے مصطفیٰ بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ پیسے دے کرلیا ہے۔اس سے قبل مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم پورے ملک میں بجلی کی ایک جیسی قیمت چاہتے ہیں، نواز شریف کے بجائے پریس کانفرنس وزیراعظم کو پورے ملک کے لیے کرنا چاہیے تھی، کل کی پریس کانفرنس سے دیگر علاقوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے، صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنےکافیصلہ قبول نہیں۔مصطفیٰ کمال کو جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پیارے مصطفی بھائی، پنجاب نے ریلیف مفت میں نہیں بلکہ عوام کے لیے  پیسے دے کرلیا، اس کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ  سے 45 ارب ادا کیے ہیں، خوشی ہو گی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور  وہ بھی اپنے عوام کو  یہ ریلیف دیں۔اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ  مریم بی بی آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ،  سندھ حکومت کا سلوک اچھا  ہوتا تو آپ کی پارٹی کی غیرمشروط حمایت کی کیا ضرورت تھی، میں نے پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت سے نہیں وزیراعظم سے درخواست کی، وزیراعظم ہمیں بھی پاکستان کا برابرکا شہری سمجھ کر جینےکا حق دیں۔مصطفیٰ کمال  کا مزید کہنا تھا کہ  وزیراعظم نے سندھ کے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا،  ہم صرف وزیراعظم کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

مزیدخبریں