راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔ جیل کے باہر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تین ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے انہوں نے مجھے گلے سے لگایاکچھ میں نے اور کچھ بانی پی ٹی آئی نے گلے شکوے کئے تحریکِ انصاف والوں کو مبارک ہو آج سب غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں ۔ بیرسٹر گوہرعلی اور نعیم پنجوتھہ کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی نے مجھے 22 اگست کے جلسے کی تمام ذمہ داری سونپی ہے۔ میں نے خان کو بتایا کہ قوم نکلنے کیلئے تیار ہے ،بس ذمہ داری مجھے دے دیں، نتائج جو بھی ہوں گے،ذمہ داری ہم پر پڑے گی۔ کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کیلئے قوم کو نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خان بڑے شیرو شکر ہوئے اور تاکید کرکے کہا کہ آپ کیوں نہیں آتے تھے آج میں نے قیادت سے سب اختلافات ختم کردئیے ہیں ۔آج سے میری طرف سے معافی ہے ۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے کسی نے پارٹی سے نہیں نکالا تھا مجھے نکالنے والا نوٹیفکیشن ہی جعلی تھا ۔میں نے تو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شیر افضل خان کو صرف چیئرمین ہی نکال سکتا ہے ۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ آج سرخرو ہوا ہوں خان صاحب نے جو عزت پیار دیا ہے وہ میرا عمر بھر کا اثاثہ ہے۔ بیرسٹر گوہر کو بانی نے واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی میں جتنے مسئلے اٹھے ہیں سب سے رجوع کرو۔ کوئی گروپنگ منظور نہیں ہے ۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ احتجاج کیلئے پہلا رخ لاہور کا کریں گے،22 آگست کو این او سی دیں نہ دیں کھل کر جلسہ کریں گے رکاوٹ عوام کے غیض و غضب کو دعوت ہوگی گردن اتارنی ہے تو ہماری اتارو، گے ۔
بانی پی ٹی آئی نے گلے لگا لیا، غلط فہمیاں دور ہوگئیں: شیر افضل مروت
Aug 18, 2024