امید ہے وزیراعظم پورے ملک کیلئے بجلی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کوئی پنجاب میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کر دے اور ایم کیو ایم خاموش رہے یہ ممکن نہیں، صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ امید ہے وزیرِ اعظم پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے۔ بجلی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔ پاکستان میں بجلی ضرورت سے زیادہ ہے، ہم نے سڑک بند کر کے عوام کو تکلیف دینے کے بجائے حکومت کو حل بتایا، ایم کیو ایم کو اللہ نے اتنی قوت دی ہے کہ مسائل پر وزیرِ اعظم سے بات کر سکے۔ اس سال 1700 ارب روپے صرف نقصانات کو پورا کرنے کے لیے رکھے گئے۔ پاکستان میں اس وقت 45 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہماری ٹرانسمیشن لائنوں کی کیپیسٹی صرف 22 سے 25 ہزار میگاواٹ ہے۔ صنعتکار کہتے ہیں کہ 6 سے 9 سینٹ میں بجلی دیں اس وقت 16سینٹ میں پڑ رہی ہے۔ 20 فیصد فارن آئی پی پیز کو ایک طرف کر لیں ان سے بین الاقوامی معاہدے ہیں۔ 52 فیصد سرکاری اور 30 فیصد لوکل آئی پی پیز کو بٹھا کر بات کریں۔ یہ آئی پی پیز پہلے ہی اربوں روپے کما چکے ہیں۔ 20 فیصد والے آئی پی پیز سے معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی۔

ای پیپر دی نیشن