راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر ایم این اے محمد اعجازالحق نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت تاریخ کے سخت ترین مسائل سے دوچار ہے عوام کو متحد ہوکر پاک فوج کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں قومی اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح سپہ سالار کے ساتھ کھڑے ہیں۔جس جس نے ملک کو لوٹا، اس کا احتساب ہونا چاہئے،ضیاء الحق شہید فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے بہت جلد ایک فلاحی منصوبے کا آغاز کریں گے سمندرپار پاکستانیوں کی بڑی تعداد اس کارخیر میں ہماری معاونت کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر جنرل ضیاء الحق شہید اور دیگر شہدائے بہاولپور کی 36ویں برسی کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا سیمینار سے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر انوارالحق، مولانا حامدالحق، رزاق اے مرزا ایڈووکیٹ، اسماعیل قریشی، چوہدری غلام ربانی، چوہدری سرور مہر و دیگر نے بھی خطاب کیا محمد اعجازالحق نے کہا کہ مہنگائی، لاقانونیت اور دہشتگردی جیسے مسائل نے پاکستان کو جکڑ رکھا ہے ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گاانہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہماری شہہ رگ ہے، ختم نبوت کے مسئلے پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس نازک معاملے پر ہمارا موقف بالکل اٹل ہے جس میں کبھی لچک پیدا نہیں ہوسکتی انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئیے اور جس جس نے پاکستان کو لوٹا یا ملک سے غداری کی، اسے انصاف کے کٹہرے میں لاکر پائی پائی کا حساب لیا جائے۔ بعد ازاں فیصل مسجد اسلام آباد کے احاطے میں جنرل ضیاء الحق شہید کے مزار پر فاتحہ خوانی اوردعا کی گئی۔
ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سیاسی قوتوں کو متحد ہونا پڑیگا، اعجازالحق
Aug 18, 2024