ایمرجنسی سروسز میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، ارشد ندیم کی شرکت  

Aug 18, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور اولمپیئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے محکمہ ایمرجنسی سروسز میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز اور ان کے اہل خانہ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا میں ارشد ندیم قومی ہیرو کوپاکستان کا نام روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اس میں کوئی شک نہیں ڈاکٹر رضوان نصیر کی غیر متزلزل کاوش نے ریسکیو کو اقوام متحدہ میں سرٹیفائیڈ کروایا۔ ریسکیو 1122 نے ایک مثال قائم کی ہی اگر ہم ایسی محنت کریں تو نتیجہ ریسکیو 1122 اور ارشد ندیم اولمپیئن کی صورت میں آتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلیمان رفیق نے کہا کہ ہمارے قومی ہیرو ارشد ندیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔ پاکستان کا جھنڈا لہرانے والے ہر پاکستانی سے ہمیں عشق ہے۔ ارشد ندیم ایک محنتی اور عاجز انسان ہیں۔ حکومت میاں چنوں میں ریسکیو آفس کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کر رہی ہے اور میاں چنوں سے پچیس کلو میٹر پر ایک نیا ریسکیو آفس کھولنے کا بھی اعلان کر رہی ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے اولمپیئن ارشد ندیم کو جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے اور شاندار کامیابی پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر ان کی تاریخی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی دیگر ممالک تاجکستان، شام اور سری لنکا کی ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کی تربیت میں بھی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے سپیکرپنجاب اسمبلی، وزیر برائے صحت و ایمرجنسی سروسز اور حکومت پنجاب کا ایمرجنسی سروس کی حمایت اور اسے مضبوط بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے کورس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو انعامات سے نوازا۔

مزیدخبریں