ابرار احمد کامران غلام ٹیسٹ سکواڈر سے ریلیز ، پاکستان ہیز میں شامل 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے بنگلہ دیش کیخلاف 21 اگست سے شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ میں مکمل پیس اٹیک کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپنر ابرار احمد اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ابرار احمد جو پاکستان ٹیسٹ سائیڈ کا حصہ تھے، اب بنگلہ دیش اے کیخلاف پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے، یہ چار روزہ میچ 20 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔ سلیکٹرز نے ابرار احمد کو ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے شاہینز سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔کامران غلام کو بھی پاکستان ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے شاہینز کیلئے برقرار رکھا گیا ہے اور انہیں دوسرے 4 روزہ میچ کیلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔  بنگلہ دیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے پچ گزشتہ چند برس کے برعکس بنائی جا رہی ہے۔ قومی ٹیم کی فاسٹ بائولنگ لائن شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ، نسیم شاہ اور خرم شہزاد پر مشتمل ہو گی۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں فاسٹ بائولر عامر جمال کے کھیلنے کے امکانات کم ہیں، اْن کا تاحال فٹنس ٹیسٹ نہیں لیا گیا ہے۔ میچ کی فائنل الیون میں کپتان شان مسعود، محمد ہریرہ، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان آغا بھی شامل ہیں۔راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے بطور وکٹ کیپر سرفراز احمد یا محمد رضوان میں سے کسے کھِلایا جائے؟ تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔فاسٹ بائولنگ کیلئے سازگار پچز پر بہتر ریکارڈ کے باعث محمد رضوان کے کھیلنے کے امکانات ہیں۔ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے کھیلا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن