لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے مریم نواز کی بہترین کارکردگی پر شاباش دینا خوش آئند ہے۔ پاکستان کے دو وزیراعظم مریم نواز کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دے رہے ہیں۔ یہ مریم نواز کے لیے فخر اور بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے وسائل سے پنجاب کے عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولیات مفت مہیا کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ روٹی کی قیمت میں کمی مریم نواز کی بہترین حکمت عملی اور ہوم ورک کا نتیجہ ہے۔ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس مریم نواز کا انسانیت دوست اقدام ہے۔ پنجاب میں آج باقی صوبوں کی نسبت مہنگائی قدر کم اور اشیاء خورد عام آدمی کی پہنچ میں ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں پر ریلیف میاں نواز شریف کا پنجاب کے عوام کو تحفہ ہے۔ مریم نواز بہت جلد پنجاب میں سولر پینل اور اپنا گھر اپنی چھت منصوبے کو لانچ کرنے جا رہی ہیں۔ مریم نواز 25 ہزار ہونہار طلبہ کو سکالرشپ دینے کی منظوری دے چکی ہیں۔ یہ سب میاں نواز شریف کی لیڈرشپ اور ان کی رہنمائی کی بدولت ممکن ہو رہا ہے۔ پنجاب پانچ سال بعد دوبارہ 2018ء والا پنجاب بنے گا۔ 2018ء سے 2022ء تک پنجاب پنکی، گوگی اور بزدار گینگ کے حوالے رہا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بزدار گینگ اور اس کی پارٹی نے پنجاب کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ جو لوگ مریم نواز پر انگلیاں اٹھا رہے ان کے اپنے صوبے میں کرپشن کی آوازیں پارٹی کے اپنے لوگ اٹھا رہے۔ علی امین گنڈاپور کی اپنی کابینہ کے لوگ انکی کرپشن کی داستانیں خود بے نقاب کر رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا علی امین گنڈا پور نے جس فنڈز سے پختونوں کو ریلیف دینا تھا ان فنڈز کی بندر بانٹ خود کر رہے ہیں۔ ان کی کابینہ کے رکن شکیل خان نے گنڈاپور سرکار کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے۔ جیسا کرپٹ اور بددیانت عمران خان ویسے ہی چور چکے اس کے چمچے کرچھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف تمہیں اپنے لیڈر کی طرح جھوٹ بولتے اور پروپگنڈا کرتے رتی برابر شرم نہیں آتی؟ مریم نواز نے 100 دنوں میں 77 عوامی مفاد کے منصوبے شروع کیے۔ پنجاب حکومت نے 10 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائکس تقسیم کر دی ہیں۔ مریم نواز نے مزید 20 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیک تقسیم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ مریم نواز ہونہار طلبہ کے لئے 25 ارب کا لیب ٹاپ اور سکالرشپ پروگرام بھی جلد لارہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پی کے حکومت چھ ماہ میں پختونوں کو ایک دھیلے کا ریلیف نہیں دے سکی۔ عوامی فلاح کے لئے موجود فنڈز عیاشیوں میں خرچ ہو رہے ہیں۔ تم اپنی کارکردگی بتانے کے لائق نہیں ہو جبکہ مریم نواز کی گڈ گورننس پر پوائنٹ سکورنگ کر کے خبروں میں جگہ بناتے ہو۔