بجلی بلز میں ریلیف پر پراپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،مریم اورنگزیب

Aug 18, 2024 | 15:25

سینئر صوبائی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف پر پراپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی سیاست کرتی ہے، بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، مشکل ترین حالات میں بھی آسانیاں پیدا کرنا مسلم لیگ (ن) کی سیاست رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا، کچھ لوگ بجلی بلوں میں ریلیف پر پراپیگنڈا کر رہے ہیں، پنجاب کے بجٹ سے 45 ارب روپے دے کر ریلیف دیا گیا، 201 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دیا جا رہا ہے، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو وفاق کی جانب سے ریلیف مل رہا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو دیئے گئے ریلیف پر باتیں بنائی جا رہی ہیں، ریلیف کا سلسلہ وفاق کے اقدامات کا تسلسل ہے، 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف اسلام آباد کے شہریوں کیلئے بھی ہوگا، آج جو لوگ ریلیف پر پراپیگنڈا کر رہے ہیں انہوں نے چار سال ملک کو تباہ کیا، چار سال یہاں نالائقی، چوری اور کرپشن کا بازار گرم رہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 4 سال کوئی ریلیف نہ دینے والوں نے نواز شریف کے دیئے گئے ریلیف بھی عوام سے چھین لئے، ان شکلوں کو عوام کا ریلیف گوارہ نہیں یہ صرف تباہی چاہتے ہیں، یہ انتشاری لوگ چار سال میں ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے گئے، ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ 

مزیدخبریں