بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے:وزیرداخلہ

Aug 18, 2024 | 17:33

ویب ڈیسک

تربت: وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ایف سی کے کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، فرنٹیئر کور ساؤتھ کے آئی جی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے بھی دعا کی اور فرنٹیئر کور کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا .جس میں فرنٹیئر کور ساؤتھ کی پیشہ وارانہ کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی. اجلاس کے دوران وزیرداخلہ کو فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 4 ارب 70 کروڑ روپے کی غیر قانونی اشیاء کو ضبط کیا گیا ہے۔دوران اجلاس محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن اور انسداد اسمگلنگ کیلئے فرنٹیئر کور ساؤتھ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساؤتھ فرنٹ لائن پر ہے. فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں  امن کیلئے مثالی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوان بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں. فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا. بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے. بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا.بلوچستان میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں