لاہور: بجلی فی یونٹ 14 روپے ریلیف کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے 5 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ایڈوانس ادائیگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈسکوز سے فی یونٹ 14 روپے ریلیف پر آنے والی رقم کا تخمینہ مانگ لیا، ڈسکوز سے 19 اگست تک ریلیف کے لیے درکار مالی ضروریات کا تخمینہ مانگا گیا ہے۔صوبائی حکومت نے پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی 5 ڈسکوز کو الگ الگ خط لکھا، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کو خط لکھے گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے بعد پنجاب میں بجلی 14روپے فی یونٹ سستی کردی گئی ہے. تاہم 200 یونٹ تک کے صارفین فوائد سے محروم رہیں گے۔ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو 14روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا جو آئندہ 2 ماہ کیلئے نافذ العمل ہوگا۔ آج سے 2 روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا۔نواز شریف اور مریم نواز کے اعلان کے مطابق صوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 2 ماہ کیلئے 14روپے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف سمیت تمام ن لیگی قائدین نے فیصلے کی تعریف کی۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی کہا کہ “نواز شریف عوام کے درد کا احساس رکھتے ہیں اور ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھاتے ہیں۔” تاہم اب نجی ٹی وی کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ یہ ریلیف 1 سے 200یونٹس تک کے صارفین کیلئے نہیں ہے۔دعوے کے مطابق حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے پہلے ہی بجلی مہنگی نہیں کی تھی. اس لیے پنجاب حکومت کے اعلان کردہ 14روپے فی یونٹ کا ریلیف 201 سے 500 یونٹ تک کے صارفین کو ہی دیا جائے گا۔ ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر کے بلز میں کیا جائے گا۔