سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں:بلاول بھٹو

Aug 18, 2024 | 17:44

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے نقصانات پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ برسات متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور وزیراعلیٰ سندھ سے صوبے میں بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراوعلیٰ سندھ انہیں سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور دیگر شہروں میں بارش سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر مفصل رپورٹ دیں اور بارش متاثرہ علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں۔انہوں نے خیرپور میں ڈیم کے بند میں شگاف پڑنے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ڈیم کے بند میں شگاف کے بعد نقصان کم سے کم ہو اور متاثرین تک فوری امداد پہنچے۔ محکمہ ریلیف اور پی ڈی ایم اے بارش متاثرین کی امداد کے لیے ذمے داری نبھائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بالائی سندھ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ سکھر میں سب سے زیادہ 270 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ سینکڑوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ سمیت دیگر علاقے بھی شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔ لاڑکانہ میں موہنجودڑو کے آثار قدیمہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

 

مزیدخبریں