پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے: عطا اللہ تارڑ

Aug 18, 2024 | 20:38

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کے غیر ملکی دشمنوں سے روابط کے انکشاف پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقی بارڈر کے پار پاکستان مخالف جذبات والے صحافیوں سے پی ٹی آئی کے روابط ملک دشمنی ہے. فتنہ الخوارج کو واپس لانے کے فیصلے ملک دشمنی کی بدترین مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ رؤف حسن کے بھارتی صحافی کے ساتھ روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے. فارن فنڈڈ جماعت نے پہلے سائفر کے ذریعے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا اور اب یہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلیے اپنے غیر ملکی آقاؤں کا سہارا لے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی صحافی پاکستان مخالف جذبات رکھتے ہیں جبکہ رؤف حسن نے بھارتی صحافی کے ساتھ پی ٹی آئی کی سوچ کی ترجمانی کی. اب سمجھ آ رہی ہے کہ 9 مئی کے حملے کیوں کیے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا. سوشل میڈیا سیل کے ذریعے پاک فوج اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف بھی مہم چلائی جا رہی تھی. مہم چلانے کے تانے بانے آج بھارت کے ساتھ مل رہے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھارتیوں نے بیرون ملک سے فارن فنڈنگ کی جو تحقیقات میں سامنے آ چکی ہیں. فارن فنڈڈ ٹولے نے ملک دشمنی کی ہر حد عبور کر لی ہے، کوئی شک نہیں رہا کہ ان کا اصل ہدف پاکستان کے قومی مفادات اور فوج کو نقصان پہنچانا تھا. یہ لوگ پاکستان میں بیٹھ کر بھارتی ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیض حمید بھی بانی پی ٹی آئی کا اہم مہرہ بنا رہا. ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلیے پی ٹی آئی کا سیاسی مہرا ثابت ہوا۔

مزیدخبریں