پاک چین وزرائے اعظم نے اسلام آباد میں پاک چین دوستی مرکز کا افتتاح کردیاہے۔ تقریب میں بچوں نے خوبصورت رقص پیش کیا۔

Dec 18, 2010 | 19:42

سفیر یاؤ جنگ
چینی وزیراعظم نے اپنے دورہ پاکستان کے دوسرے روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پاک چائنا فرینڈشپ مرکز کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وین جیا باؤ نے کہا ہے کہ سینٹر دونوں ملکوں کی دوستی کا مظہر ہے۔ پاک چین دوستی تنظیم ایک ہزار مستحق مریضوں کا علاج کرائے گی۔ چین کے ماہر ڈاکٹرعلاج میں مدد فراہم کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دوستی مرکز دونوں ممالک کے گہرے تعلق کا آئنہ دار ہے جو چین کی جانب سے پاکستانی عوام کو ایک تحفہ ہے ۔ چینی عوام نے موتیے کے علاج میں پاکستانی مریضوں کی مدد کی جس سے بہت سے لوگوں کو بینائی ملی ۔ اس سے قبل رنگا رنگ تقریب میں خوبصورت روایتی رقص پیش کیا گیا۔ بچوں نے ہاتھ میں دونوں ممالک کے جھنڈے اٹھارکھے تھے۔ اس موقع پر چینی وزیر اعظم کو دوستی مرکز کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ چین کی طرف سے تیار کردہ پاک چائنا دوستی مرکز کی تعمیر پر تین ارب امریکی ڈالر لاگت آئی ہے جبکہ یہ منصوبہ دو سال کی مدت میں پورا ہوا ہے۔ سینٹر میں ایک ہزار آٹھ سو اٹھارہ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ تقریب میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، قمر زمان کائرہ ، پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی ،نوید قمراور چینی وفد کے ارکین نے بھی شرکت کی۔
مزیدخبریں