پاکستان اورچین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں کے وزراء اوراعلیٰ حکام نےسترہ سمجھوتوں اور چار مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ ایک مشترکہ معاہدہ بھی ہوا ہے ۔ ان معاہدوں کے تحت چین پاکستان کے ساتھ توانائی ، صنعت ، دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کرے گا ۔ اس سے پہلے چین کے وزیراعظم وین جیا باؤ کو ہفتے کے روزنیشنل ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورت حال اور بحالی کی حکمت عملی پربریفنگ دی گئی۔ اس موقع پروین جیاباؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تاریخ کے شدید ترین سیلاب کے باعث مشکل صورتحال کا سامنا ہے، ہم اسے اپنا درد سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو قدرتی آفات اورتباہی کی پیش گوئی کرنے کی ٹیکنالوجی اورتربیت فراہم کرے گا تاکہ قدرتی آفات کی بروقت پیش گوئی کرکے جانی اور مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے نظام کی فراہمی کے اعلان کو خوش آئند قراردیا۔