غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کے لیے عوام مسلح افواج کے ساتھ ہیں، نیٹوسپلائی بحال کی توعوام سڑکوں پرنکل آئیں گے۔ دفاع پاکستان کانفرنس

لاہور میں مینارپاکستان پر دفاع پاکستان کانفرنس میں مولانا سمیع الحق نے کانفرنس میں شریک حاضرین سے عہد لیا کہ پاکستان کی سالمیت، خود مختاری اور پاک سرحدوں پر ہونےوالےکسی بھی حملےکامنہ توڑ جواب دیں گے،ملکی دفاع کے لیے کسی قسم کی قربانی سےدریغ نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نےعہد لیا کہ پاکستان کےاسلامی تشخص اوروطن کوناقابل تسخیر بنا کراسلامی ریاست بنانے کیلئےجدوجہد جاری رکھیں گے اور قرارداد مقاصد کے تحت اللہ تعالیٰ کی حاکمیت یقنی بنائیں گے
جماعت الدعوۃ کے امیرحافظ سعید احمد کاکہناتھا کہ عوام دفاع پاکستان کے لیے متحد ہیں افغانستان میں شکست کھانےوالےامریکہ کو پاکستانی عوام کا خون بہانے اور بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی قرار داد پارلیمنٹ سے کسی صورت منظور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان ان کے تابوت میں آخری کیل لگائے گا، افغانستا ن اورپاکستان جڑواں بھائی ہیں نام نہاد جنگ سے نکلنے کی تاریخ لینے جلد اسلام آباد آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں لیکن کچھ لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر
کشمیر کی تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے سازشیں کررہے ہیں لیکن کشمیرسے بھارتی افواج کے نکلنے تک جہاد جاری رہے گا
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہےاگر حکومت نے نیٹو کی سپلائی بند کرنے کے فیصلے کو واپس لیا تو عوام اسےقبول نہیں کرینگے۔ پاکستان کے عوام اب امریکہ کی غلامی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں،انکا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور اسے امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے۔
آئی ایس آئی کےسابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نےکہا کہ بزدل سپہ سالار نے امریکہ کےسامنےگھٹنےٹیک دیے تھے، ہمارے پاس ایٹمی صلاحیت اورجہاد کی قوت ہے جسے ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکہ اور ہندوستان سے کوئی خطرہ نہیں، خطرہ اگر ہے تو وہ پاکستان کے اندرونی خطرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے چوروں اور ڈاکوؤں سے جان چھڑوانا ہو گی۔ اسلامی انقلاب کی تحریک مصر اور بحرین سے شروع ہو چکی ہے مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان نےدہشت گردی کےخلاف اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھایا اور پینتیس ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پھر بھی ہمیں مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہےاوربھارت دنیا میں سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی کررہا ہے اورہمارا پانی تک بند کررہا ہے جبکہ حکومت اسے پسندہدہ ملک قرار دینے پر تلی ہوئی ہے جمعیت علمائے پاکستان کےسربراہ ابو الخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں کو جب بھی شکست ہوئی غداروں کی وجہ سے ہوئی۔ پاکستان میں محمد کے دیوانوں کے سونامی کے علاوہ کوئی سونامی نہیں آئےگا۔جماعت اہلسنت والجماعت مولانا محمد احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ باطل کامقابلہ کرنے کے لیے اسلامی ملکوں سے رابطہ کرنا چاہیے۔ منصور اعجاز نے میمو کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر نےکہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں پر امریکی حملے کے بعد ملکی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہم میدان میں آگئے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نےکہا کہ ایٹمی طاقت ہونےکیساتھ ساتھ ہمیں سخت ترین چیلنجز کاسامنا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھٹو ریفرنس کی طرزپر سقوط ڈھاکہ کا معاملہ بھی ری اوپن کیا جائے، حافظ عبدالرحمان مکی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں شکست خوردہ امریکہ اور نیٹو پاکستان کیخلاف سازشیں اور پاک فوج پر حملے ہندوستان کو اسلحہ کی فراہمی اور معاہدے کر رہا ہے

ای پیپر دی نیشن