بنگلہ دیش کےخلاف ڈھاکہ ٹیسٹ کےدوسرے روز کھیل کےاختتام تک پاکستان نے ایک وکٹ پر ستاسی رنز بنا لئے

میرپورکے شیربنگال اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کےدوسرے روز بنگالی ٹائیگرز نےاپنی پہلی اننگزدوسو چونتیس رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور کھانےکےوقفےتک بغیر کسی نقصان کے اسکور میں پچاس رنز کا اضافہ کیا تاہم وقفے کےبعد شکیب الحسن ایک سو چوالیس رنز بناکر توفیق عمر کےہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جس کےبعد بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفےوقفے سےگرتی رہیں اور پوری ٹیم تین سو اڑتیس رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ بنگلہ دیش کی طرف سےشکیب الحسن ایک سو چوالیس اور شہریار نفیس ستانوے رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سےعمرگل اور اعزاز چیمہ نےتین، تین جبکہ سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیئس رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ چودہ رنز بنا کر ناظم الحسین کا شکار بنے۔ کم روشنی کےباعث کھیل جلد ختم کیا گیا تو توفیق عمر چوالیس اوراظہر علی چھبیس رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کو ابھی بنگلادیش کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید دوسو اکاون رنز درکار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن