میٹرو بس پراجیکٹ انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہو گا: شہباز شریف‘ قومی ہاکی ٹیم کے لئے 50 لاکھ کا انعام

Dec 18, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر + سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس اتھارٹی کا قیام صوبہ بھر میں عوام کو جدید اور باکفایت ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔ اتھارٹی محفوظ اور آرام دہ بس آپریشن کو یقینی بنائے گی اور میٹرو بس پراجیکٹ کی سکیورٹی کے م¶ثر انتظامات کی بھی ذمہ دار ہو گی۔ روٹ پر صفائی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جا رہا ہے۔ میٹرو روٹ پر غیر متعلقہ افراد، عام گاڑیوں یا آمد و رفت کے دیگر ذرائع کی روک تھام کیلئے م¶ثر نظام بنایا گیا ہے، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ میٹرو بس سروس مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے جسے انتہائی برق رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے بجٹ اور پوسٹوں کی منظوری دیتے ہوئے بھرتی کیلئے ریکروٹمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس اتھارٹی کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جائے، پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا۔ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی جیسے ملک نے میٹرو پراجیکٹ اڑھائی سال میں مکمل کیا جبکہ پنجاب حکومت ایک سال سے کم عرصے میں یہ منصوبہ مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ہر منصوبے کی طرح میٹرو بس پراجیکٹ میں بھی شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں آٹھ سال بعد وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنے پر پنجاب حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے پچاس لاکھ روپے انعام کے ساتھ بے روزگار کھلاڑیوں کو محکمہ پولیس میں ملازمتیں دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا قومی کھیل کو ترقی دینے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کی گراﺅنڈ اور وہاڑی میں نئے آسٹروٹرف بچھائے جائیں گے جبکہ گوجرہ کے آسٹروٹرف کو تبدیل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گذشتہ روز قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ میں کیا۔ شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم سے بات چیت میں کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں سپورٹس کے فروغ کے لئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیں اور نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے لئے انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا ہے۔ ہاکی کے کھلاڑیوں کی محکمہ پولیس میں بھرتی اور ہاکی کے دیگر معاملات کے لئے چودھری اختر رسول کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بیرون ممالک سے ٹیمیں بلا کر یہاں ٹورنامنٹ کروائے جائیں، پنجاب حکومت اس حوالے سے مکمل تعاون کرے گی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت جلال پور بھٹیاں، حافظ آباد کی رائس مل میں قتل ہونے والے لڑکے کے کیس کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس بھی ہوا۔ سیکرٹری ہوم نے قتل کیس پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچے سے بدسلوکی اور قتل کے گھناﺅنے واقعہ میں ملوث ملزمان کسی صورت سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے جمرود بازار خیبر ایجنسی میں ہونے والے دھماکے کی پرزور مذمت کی ہے۔
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک ملک سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ نہیں پھینکا جاتا ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے قانون کی عمل داری بہت ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں ریکارڈ کرپشن کی ہے جس سے ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے آئندہ الیکشن میں انہیں منتخب کیا تو وہ لٹیروں سے ملک اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا۔ پنجاب میں 65 فیصد کرپشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ 2006ءکے مطابق پنجاب کو پاکستان کا سب سے زیادہ کرپٹ صوبہ قرار دیا گیا تھا جبکہ 2010ءمیں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب کو پاکستان کا شفاف صوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھاد میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، حاجیوں کی جیبیں کاٹی گئیں، این آئی سی ایل، رینٹل پاور پراجیکٹس، سیف سٹی اور سٹیل مل اور چیچو ملیاں پراجیکٹ میں کرپشن کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے نہ کہ پنجاب حکومت سے۔ انہوں نے کہا کہ ایفی ڈرین کیس میں بھی اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غریبوں اور یتیموں کے بچوں کیلئے دانش سکول جیسے پراجیکٹ شروع کئے۔ گزشتہ پنجاب حکومت نے لاہور ماس ٹرانزٹ کا 230 ارب روپے کا کاغذی منصوبہ تیار کیا اور اس میں 40 کروڑ روپے خورد برد کئے جبکہ ہم نے اس ملزم کو دوبئی سے لا کر سزا دلوائی۔ موجود ہ پنجاب حکومت نے کوئی نئی بلٹ پروف گاڑی یا ہیلی کاپٹر نہیں خریدا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین نیب اگرچہ صدر زرداری کے دست راست ہیں لیکن جب چاہیں پنجاب حکومت کے معاملات کی چھان بین کر لیں اگر ان کی ذات پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ ہر قسم کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔ آئندہ الیکشن میں صدر زرداری کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مزیدخبریں