لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیرخزانہ شیخ عبدالحفیظ نے موجودہ حکومت کے اپنے تشکیل کردہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کی یقین دہانیوں اور وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے جو انحرافی بیان دیاکہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے یکساں پے سکیل تشکیل دینے کا کام ختم کر دیا گیا ہے۔ جسکی وجہ سے ملک بھر کے تمام سرکاری ملازمین میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ ایپکا نے ملک بھر میں آج بھرپور احتجاج کی کال دیدی ہے جسکے مطابق ملک بھر کے تمام صوبوں، تمام اہم شہروں کراچی، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی، پشاور، ملتان، بہاولپور، حیدر آباد، فیصل آباد، سرگودھا، جہلم ، میرپور، مظفر آباد میں ڈویژنل و ضلعی سطح پر متعلقہ ڈی سی او آفس کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ جس میں وفاقی وزیر خزانہ شیخ حفیظ کے پُتلے نذر آتش کئے جائیں گے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پنجاب کے صوبائی صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد کی زیر قیادت آج18دسمبر بوقت 11:00بجے صبح چلڈرن کمپلیکس لائبریری ، شاہراہ ایوان تجارت ، لاہور سے ریلی نکالی جائیگی۔
ایپکا نے ملک بھر میں آج احتجاج اور مظاہروں کی کال دیدی
Dec 18, 2012