پاکستان کے لوگ ٹیلنٹ کے اعتبار سے دنیا کے کسی ملک سے بھی کم نہیں، زندگی کا کوئی شعبہ لے لیں پاکستانیوں نے اس میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں خصوصاً گلوکاری، اداکاری اور ماڈلنگ میں ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ پاکستانی فنکاروں نے دنیا بھر میں اپنے آپ کو منوایا ہے۔ شہشناہِ غزل مہدی حسن، غزل کے منفرد گائیک امانت علی خان، ملکہ ترنم نور جہاں، نصرت فتح علی خاں، استاد سلامت علی خاں، نزاکت علی خاں، اداکار محمد علی، زیبا، وحید مراد، شبنم، عابدہ پروین، غلام علی، عدنان سمیع خان، راحت فتح علی خان، عاطف اسلم یہ ستارے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عمائمہ ملک نئی اداکارہ ہیں انہوں نے صرف ایک فلم میں کام کیا اور اس پر دنیا بھر سے ایوارڈ وصول کر رہی ہیں اور اب حال ہی میں اداکار و گلوکار علی ظفر اور ماڈل و اداکارہ مہرین سید نے تو کمال ہی کر دکھایا ہے۔ علی ظفر کو برطانوی میگزین ”ایسٹرن آئی“ نے ایشیا کی دوسری پُرکشش ترین شخصیت قرار دیا ہے جبکہ مہرین سید دنیا کی ٹاپ ٹین ماڈلز کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔
برطانوی میگزین کی طرف سے کی گئی رینکنگ کے مطابق بھارتی اداکار ہرتیک روشن پہلے نمبر پر ہیں، دوسرے پر علی ظفر، تیسرے پر دبنگ ہیرو سلمان خان، چوتھے پر شاہد کپور پانچویں پر سدھارتھ ملہوترا، ٹی وی سٹار کوشال ٹنڈن چھٹے، شاہ رخ خان ساتویں، جان براہیم آٹھویں اور رنبیر کپور نویں نمبر پر ہیں۔
برطانوی جریدہ ”ایسٹرن آئی“ کے ایڈیٹر اسجد نذیر نے علی ظفر کے بارے میں لکھا ہے کہ ”علی ظفر ایک ایسے سٹار ہیں جنہوں نے ہر شعبے میں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ وہ ذہین اور قابل ترین گلوکار و ادکار اور میوزیشن ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی پُرکشش شخصیت نے دنیا بھر میں ان کے پرستاروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ کیا ہے اور جس طرح وہ محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں مستقبل میں نہ صرف بالی وڈ پر چھا جائیں گے بلکہ یہ عین ممکن ہے کہ ہالی وڈ سے بھی انہیں کام کی پیشکش ہو جائے۔“
یہ امر قابل ذکر ہے کہ کسی پاکستان آرٹسٹ کو پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ علی ظفر ایشیا کی پُرکشش شخصیات کی فہرست میں ایک حیران کن اضافہ ہیں۔ وہ نہ صرف اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں بلکہ انہوں نے تو سلمان خان، جان ابراہیم، رنبیر کپور، شاہد کپور اور شاہ رخ خان جیسے سٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ایشیا کی دوسری پُرکشش ترین شخصیت بن گئے۔ علی ظفر ایک مقبول گلوکار، اداکار، میوزیشن سوشل ورکر اور پاکستان میں امن کے سفیر تو تھے ہی اب ایشیا کی دوسری پُرکشش ترین شخصیت بھی بن گئے ہیں۔ انہیں ایشیا، یورپ، افریقہ، جنوبی امریکہ سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے ووٹ دیئے اور جس طرح دنیا بھر میں ان کے پرستاروں کی تعداد بڑھ رہی ہے اس بات کا اغلب امکان ہے کہ وہ اگلے سال ایشیا کی پُرکشش ترین شخصیت بن جائیں۔ علی ظفر یہ اعزاز ملنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے نوائے وقت اور دی نیشن کے ساتھ اپنی خوشیاں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے اور میں یہ اعزاز ملنے پر بہت خوش ہوں اور اس عزت افزائی پر اپنے پرستاروں اور برطانوی میگزین ”ایسٹرن آئی“ کے مدیر کا شکر گزار ہوں جن کی بدولت مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا۔ انشاءاللہ میں مستقبل میں بھی اپنے پرستاروں کی امیدوں پہ پورا اتروں گا۔“
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو یہ لگ رہا ہے کہ میں صرف انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر کام کر رہا ہوں ایسا نہیں ہے پاکستان میری پہچان ہے اور میں پاکستان میں بھی کام کر رہا ہوں۔ حال ہی میں ٹی وی ڈرامہ ”زندگی گلزار ہے“ کا ٹائٹل سونگ گایا جو کہ بہت مشہور ہوا اور آگے بھی ایسے اچھے پروجیکٹس پر کام کروں گا۔ امن کی آشا پر کام کر رہا ہوں جس کی شوٹنگ آج کل چل رہی ہے اور اگلے سال یہ فلم ریلیز ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلوکاری میرا شوق ہے اور میں کبھی اس کو ترک نہیں کرسکتا۔ یہ میری شخصیت کا اہم حصہ ہے آج کل بھی میں ایک البم کی ریکارڈنگ کر رہا ہوں جو عنقریب ریلیز ہوگی۔
مہرین سید ایک جادوئی شخصت کی مالک ہیں بہت کم عرصے میں انہوں نے عالمگیر شہرت حاصل کی ہے۔ دنیا بھر کے فیشن شوز میں انہوں نے نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ اعزازات بھی حاصل کئے اور اب حال ہی میں دنیا کی ٹاپ ٹین ماڈلز میں شامل ہو گئی ہیں۔ مہرین سید یہ اعزاز ملنے پر بہت خوش اور پُرجوش ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز ملنے کے بعد نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ اپنی خوشیاں اور جذبات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ میں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے میں متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہوں اور جب ان ایونٹس میں میرے نام کے ساتھ پاکستان کا نام لیا جاتا ہے تو میرا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے کیونکہ جب ہم بیرون ملک میں ہوتے ہیں تو پورے ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں میں یہ اعزاز ملنے پر بہت خوش ہوں میں سمجھتی ہوں کہ یہ اعزاز صرف میرا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔ پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے میں پاکستان کو کچھ لوٹا کر بہت خوش ہو رہی ہوں۔ انہوں نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں یہاں پر بسنے والے بہت خوبصورت لوگ ہیں پورا ملک خوبصورتی سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ملنے کے بعد میری حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ ابھی تو میرے کیریئر کا آغاز ہے میں مزید محنت کروں گی اور اپنے وطن کا دامن کامیابیوں اور اعزازات سے بھر دوں گی اور اپنے وطن کا نام دنیا بھر میں روشن کروں گی۔ مجھے یہ اعزاز جیت کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور بے انتہا خوش ہو رہی ہوں اور سب سے بڑی خوشی یہ ہو رہی ہے کہ میں نے اپنے ملک کےلئے کوئی اعزاز حاصل کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مہرین سید نے کہا کہ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کر رہی ہوں۔ ”چنبیلی“ کے نام سے ایک فیچر فلم زیر تکمیل ہے۔ اس فلم میں ہیروئن کا کردار کر رہی ہوں۔ فلم کے پروڈیوسر شہزاد نواز اور عبداللہ کادوانی ہیں۔ ہدایت کار اسماعیل جیلانی ہیں۔ فلم کا سبجیکٹ اچھا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ فلم ایک مثبت چینج لے کر آئے گی اور لوگ اسے پسند کریں گے۔ ایسی معیاری فلمیں بننا شروع ہو گئیں تو بہت جلد ہماری فلم انڈسٹری اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔
علی ظفر اور مہرین سید کی عالمی پذیرائی
Dec 18, 2012