میرواعظ عمر فاروق کی شجاعت، پرویز الہی، اسفندیار سے ملاقاتیں

Dec 18, 2012


اسلام آباد (آن لائن + پ ر) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی قیادت میں کشمیری رہنماﺅں کے وفد نے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما اور نائب وزیراعظم چودھری پرویز الہی کے علاوہ اے این پی کے قائد اسفندیار ولی خان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ جن میں مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پرتبادلہ خیالات ہوا۔ میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اب کشمیر کی بجائے کشمیریوں کی بات کرنا ہو گی، یہ کسی زمین یا خطہ کی بات نہیں کشمیریوں کے حقوق کی بات ہے، مسئلہ کے حل کیلئے ہمیں فوری اقدامات کرنا ہوں گے، اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں تو مزید 50 سال لگ سکتے ہیں اس مسئلہ کے حل کے بغیر پاکستان بھارت دوستی مستحکم نہیں ہو سکتی، بات چیت کے عمل میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کو بھی شامل کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ، وزیراعظم کے مشیر سید قاسم شاہ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر سردار عبدالرزاق خان، مسز فرخ خان، فوزیہ ناز، مصطفی ملک، بیرسٹر شازیہ انجم، نعیم جوتہ اور دیگر رہنما موجود تھے۔ میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ ق لیگ کی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل میں مخلص ہے ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ جب بھی بھارتی قیادت سے ملاقات ہو گی ان کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھایا جائے گا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ کابل اور خطے میں امن کا راستہ کشمیر کے ذریعے جاتا ہے۔ ہم حریت کانفرنس کو کشمیریوں کی واحد نمائندہ جماعت تسلیم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر ”سٹیٹس کو“ ختم کرنا ہے۔ ق لیگ کے منشور میں مسئلہ کشمیرسرفہرست ہے ہر جگہ کشمیریوں کیلئے آوازبلند کرتے رہیںگے۔ دریں اثنا میرواعظ سے ملاقات کے دوران اسفند یار ولی خان نے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، ہم تشدد کے خلاف اور کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہیں ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ اے این پی کی قیادت سے اچھے ماحول میں بات ہوئی ان تک کشمیریوں کے احساسات پہنچائے، اے این پی کی قیادت نے مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا، مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی خطے میں پائےدار امن کا قیام ممکن ہے، اے این پی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی خواہاں ہے کشمیری عوام کے ساتھ تعاون کا مکمل یقین دلایا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے پاکستان بھارت اور کشمیری قیادت پر مشتمل مذاکرات سے ہی مسئلے کا حل ممکن ہے۔

مزیدخبریں