لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ وی سی ایل کے زیراہتمام ورلڈ ریسلنگ اور کراٹے چیمپئن شپ 25 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔ چیمپئن شپ میں 16 نوجوانوں کے درمیان مکس مارشل آرٹس اور جدید ریسلنگ کے دلچسپ اورکانٹے دار مقابلے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار سپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ وی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو شیخ سلطان شاہد نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدید رسلنگ کو متعارف کرانا چاہتا ہوں تاکہ دنیا میں پاکستانی پہلوان ملک کا نام روشن کر سکیں۔ اس سلسلہ میں 25 دسمبر کو لاہور میں وحشی چیمپئن لیگ (وی سی ایل) اور مارشل آرٹس میں آرم ریسلنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ میری کوشش ہے کہ ہماری نوجوان نسل جسے بین الاقوامی سطح پر اپنے جوہر دکھانے کا موقع نہیں مل رہا انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کروں تاکہ ان میں اعتماد پیدا ہو۔ ابتدا میں یہ تمام کام اپنی مدد آپ کے تحت کیا جا رہا ہے بعد اس کا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ الحاق کیا جائیگا۔ پاکستان میں اس جدید ریسلنگ اس سے پہلے کسی نے نہیں شروع کرائی تھی جبکہ گذشتہ دنوں جاپانی پہلوانی انوکی پاکستان آئے تو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے فری سٹائل ریسلنگ اکیڈمی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ میں چاہتا ہوں کہ فری سٹائل ریسلنگ اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے پہلوانوں کو بھی جدید ریسلنگ کے طریقے سکھائے جائیں۔ 25 دسمبر کو لاہور ماڈل ٹاون ڈی بلاک میں وحشی چیمپئن لیگ کا انعقاد ہوگا جس میں 16 فائٹرز اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ آج کی پریس کانفرنس میں وحشی چیمپئن لیگ اور آرم ریسلنگ میں کامیابی حاصل کرنے والے ریسلرز کے لئے بیلٹ متعارف کرائی جا رہی ہے۔ فاتح ریسلزکویہ بیلٹ انعام میں دی جائے گی۔ اس موقع پر 25 دسمبر کو ہونے والے مقابلوں کے ڈراز کا بھی اعلان کیا گیا۔