لاہور (لیڈی رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کی تر جمان ومرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی نظا م کی تبدیلی کے بغیر ممکن نہیں‘ اے پی اےم اےل کی منزل اقتدار نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی ہے جس کے لئے آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پاکستان واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر بنائے گئے مقدمات بے بنیاد اور سیاسی ہیں جس کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو عوام نے تین تین باراقتدار دیا لیکن انہوں نے ملک کے استحکام اور عوام کی خوش حالی کے بجائے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا‘ ان حکمرانوں نے عوام کو بھوک افلاس بے روزگاری اور بد امنی کے سوا کچھ نہیں دیااور آج صورتحال یہ ہے کہ ملک حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کے سبب قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے عوام ملک میں حقیقی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں اور پرویز مشرف اس تبدیلی کی نوید ہیں۔