پاکستانی ٹیم قطر پہنچ گئی، بھارت سمیت 6 ملک حصہ لیں گے، ٹورنامنٹ 27 دسمبر تک جاری رہے گا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد قومی ہاکی ٹیم دوسری ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں بھی میڈلز کی دوڑ میں شامل ہونے کا عزم لئے گذشتہ روز قطر پہنچ گئی۔ دوحہ میں ایشین ٹرافی ٹورنامنٹ 20 دسمبر سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا، چین، عمان اور جاپان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان کے 18رکنی سکواڈ میں محمد عمران (کپتان)، محمد وقاص، عمران شاہ، عمران بٹ، محمد رضوان سینئر، سید کاشف شاہ، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، علی شان، محمد عتیق، وسیم احمد، محمد کاشف علی، شکیل عباسی، محمد عرفان اور محمد سلمان حسین شامل ہیں۔ ائرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ٹیم منیجر و ہیڈ کوچ اختر رسول نے کہا کہ ٹیم کامیابیوں کی راہ پر چل پڑی ہے تمام کھلاڑی متحد ہیں سخت محنت کے باعث کھوئے ہوئے مقام دوبارہ حاصل کر لیں گے جبکہ کپتان محمد عمران نے کہا کہ قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور ایشین چیمپئنز ٹرافی جیت کر قوم کو تحفہ دینے کی پوری کوشش کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈین ہاکی لیگ مصروفیت نہ ہونے کے باعث کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔