ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) بنگلہ دیش میں دفتر خارجہ کی طرف سے پاکستانی سفیر کو طلب کرکے قومی اسمبلی میں عبدالقادر ملا کو پھانسی دینے کیخلاف پاکستانی اسمبلی کی قرارداد مذمت پر احتجاج کیا گیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر افراسیاب قریشی کو سیکرٹری باہمی امور مصطفی کمال نے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔ عبدالقادر ملا کو بنگلہ دیش میں 1971ء میں جنگی جرائم کے مقدمے میں چند روز قبل سزائے موت دی گئی تھی۔ قومی اسمبلی نے قرارداد میں انہیں پھانسی دینے پر شدید تشویش اور انکے خاندان سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان مقدمات کو مفاہمتی انداز میں نمٹایا جائے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی وزیر اطلاعات حسان الحق اینو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے اس بیان پر سخت احتجاج کیا جس میں انہوں نے عبدالقادر ملا کی سزائے موت کو عدالتی قتل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان آج بھی 1971ء کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس نے اپنا راستہ درست نہیں کیا۔ ادھر اسلام آباد میں متعین بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر ملا جنگی جرائم کے مجرم تھے، انہیں سپریم کورٹ نے سزا دی۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر ملا پر نسل کشی، اجتماعی قتل اور زیادتی کے الزامات ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قیام بنگلہ دیش کے وقت جماعت اسلامی کے بنیادی اصول ملکی آئین کیخلاف تھے۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عبدالقادر ملا پر مقدمہ اور انہیں دی گئی سزا ملک کا اندرونی معاملہ ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی اسمبلی کی قرارداد غیرضروری ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق اس سلسلے میں ڈھاکہ میں پاکستانی سفارت کار کو طلب کیا گیا اور ان سے اس معاملے پر وضاحت کرنے کو کہا گیا۔ اِدھر اسلام آباد میں ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی سفیر کی طلبی سے آگاہ ہیں۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ میں سفیر طلب کئے جانے کی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سے معاملے کی تفصیلات منگوائی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق بنگلہ دیش نے قرارداد پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ احتجاج کی تفصیلات ملنے پر تبصرہ کریں گے۔ بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشن سے رابطے میں ہیں، ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشن سے تفصیلات لے رہے ہیں۔
’’عبدالقادر ملا کی پھانسی کیخلاف قرارداد‘‘ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طلبی‘ معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں: دفتر خارجہ
Dec 18, 2013