لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے والوں کی مذموم سازشوں کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ باہمی اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے کے عملی مظاہرے سے ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے یوم عاشور سے بڑھ کر انتظامات کئے جائیں جبکہ کرسمس کے موقع پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وہ گزشتہ روز صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور پرامن فضا کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرضروری اقدام اٹھائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی سستی یا غفلت کا مظاہرہ برداشت نہیں کیاجائیگا۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور پولیس اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔ متعلقہ اداروں کے مابین انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ مولانا شمس الرحمن معاویہ اور علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملوث ملزموں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے اور انسپکٹر جنرل پولیس دونوں کیسوں پر ہونیوالی پیشرفت کو روزانہ خود مانیٹر کرکے مجھے رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور سی سی پی او لاہور نے امن و امان کی صورتحال اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا جا رہا ہے جس کے باعث صوبے بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے عوام کو خاطرخواہ ریلیف ملا ہے۔ ضروری اشیا کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تسلسل کے ساتھ جامع میکانزم پر عملدرآمد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائیگا اور عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ پنجاب بھر میں آٹے کی کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور غیر معیاری آٹا فروخت کرنیوالی ملوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وہ آج یہاں ضروری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لینے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کا متحرک اور فعال کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بلاشبہ عوام کو حکومت سے بہت توقعات وابستہ ہیں جن پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ منڈیوں اور بازاروں میں جا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں اور نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ جاری رکھیں اور یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہئے۔پرائس کنٹرول میکانزم کے پورے عمل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اضلاع کے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والوں کی سرزنش ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فی الفور عہدوں سے ہٹایا جائے اور سبزی منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا اعلان لائوڈ سپیکر کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری قرار دینے کی غرض سے قانون سازی کیلئے جلد سفارشات مرتب کی جائیں کیونکہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں سے زائد اشیاء فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر سخت سزا کے مستحق ہیں۔ مجھے عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے جس کے تحفظ کیلئے ہر اقدام اٹھایا جائیگا۔ صوبے میں پانی ملا کر گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور ٹائونز کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دینے کا جائزہ لیا جائے۔ صوبے میں دسترخوان کے نظام کو دوبارہ رائج کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے اور ماڈل بازاروں کا دائرہ کار مزید شہروں تک وسیع کرنے کے بارے میں سفارشات تیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا آٹے کی کوالٹی کو چیک کرنے کیلئے ٹیسٹنگ لیب کے قیام کے پروگرام کو آئوٹ سورس کیا جائے۔ مختلف برانڈ اور کوالٹی کے آٹے کیلئے علیحدہ رنگ کے تھیلے متعارف کرائے جائیں اور آٹے کے تھیلوں پر مل کا نام، وزن، ایکس مل ریٹ اور پرچون ریٹ نمایاں طور پر تحریر ہونے چاہئیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر 141 سستے سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں پر معیاری اشیائے خورد و نوش سستے داموں دستیاب ہیں۔عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 141 سہولت بازاروں میں چکن اور انڈوں کے خصوصی سٹال لگائے جائیں گے جہاں پر مرغی کا گوشت اور انڈے مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ انہو ںنے ہدایت کی کہ پولٹری ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر سستے سہولت بازاروں میں چکن اور انڈوں کے خصوصی سٹالز لگانے کے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی کاشت میں اضافے کے حوالے سے اگلے اجلاس میں حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر قائم بازاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں‘ ضروری اشیا کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائیں گے: شہباز شریف
Dec 18, 2013