راولپنڈی: امام بارگاہ کے باہر خودکش دھماکہ‘ سب انسپکٹر سمیت 3 جاں بحق‘ 14 زخمی

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+ آن لائن) راولپنڈی کینٹ کے علاقے گریسی لائن میں امام بارگاہ کے باہر موٹر سائیکل کے خودکش حملے میں سب انسپکٹر سمیت 3 افراد  جاں بحق جبکہ5 پولیس اہلکاروں سمیت 14  افراد زخمی ہو گئے، متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں  اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی شب راولپنڈی میں ائیرپورٹ کے قریب کینٹ کے  حساس علاقے گریسی لائن میں واقع قصر اثنا عشری  امام بارگاہ میں مجلس جاری تھی کہ اس دوران امام بارگاہ کے باہر پولیس کی موبائل کے قریب موٹر سائیکل زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے نتیجے میں وہاں پر  کئی گاڑیوں، موٹر سائیکلز اور دکانوں کو  نقصان پہنچا اور کئی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر 14 زخمیوں کو  بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں ایس ایچ او  رب نواز سمیت5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں  جبکہ  سب انسپکٹر امانت علی  سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ دیگر جاں بحق ہونیوالوں میں ذیشان حیدر، وسیم شامل ہیں۔ اس موقع پر ہسپتال کے باہر شیعہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ واضح رہے کہ خودکش دھماکہ انتہائی حساس علاقے میں ہوا جہاں پر سابق فوجی حکام خصوصاً جنرل حمید گل کی رہائش گاہ بھی ہے۔ سی پی او راولپنڈی کے مطابق موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور کو جب امام بارگاہ کے باہر پولیس اہلکاروں نے چیکنگ کیلئے روکا تو اس نے دھماکہ کر دیا۔ دریں اثناء خودکش حملہ آور جسکی عمر 15 سے 20 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے، کا سر پولیس کو مل گیا، اسکی موٹر سائیکل کے پرخچے اڑ گئے تاہم اس کا نمبر آر آئی کے 3559 تلاش کر لیا گیا۔ خودکش حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہونا چاہتا تھا، ادھر پولیس نے بے نظیر ہسپتال سے 25 سالہ مشکوک نوجوان مجتبیٰ کو گرفتار کر لیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں حساس مقامات اور سیاسی و مذہبی رہنمائوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے راولپنڈی بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر مجلس وحدت المسلمین کے سررباہ علامہ راجہ ناصر عباس نے راولپنڈی میں امام بارگاہ کے باہر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ملت جعفریہ کو دبایا نہیں جا سکتا، ایسے حملے عزاداری کو روکنے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ اپنے دفتر واقع لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پورے ملک کو وزیرستان بنا دیا۔ نئی حکومت آنے کے بعد وہ کمزور نہیں ہوئے بلکہ انہیں حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، ہم دہشت گردوں سے ہرگز نہیں ڈریں گے۔ قائد ملت جعفریہ آغا حامد علی موسوی نے کہا کہ دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ ہمیں راہ حسینیت سے نہیں ہٹا سکتے، مجلس اور جلوس کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں پر کھیل کر خودکش حملہ آوروں کو بڑی تباہی پھیلانے سے روکا اور قابل تحسین کارنامہ سرانجام دیا۔ پیپلز پارٹی کے سرپرست بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم راولپنڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، خودکش حملے کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، تمام مکاتب فکر باہمی محبت اور اخوت سے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ راولپنڈی کا واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی تمام توجہ کالعدم تنظیموں کے سربراہوں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انکی موجودگی میں صوبے میں امن کا قیام ناممکن ہے۔ اہلسنت والجماعت کے ترجمان محمد قاسم فاروقی نے راولپنڈی خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکہ ملک کو شیعہ سنی جنگ میں جھونکنے کی سازش ہے، عوام اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...