میرانشاہ: ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں 2 سکیورٹی اہلکار جں بحق‘ 27 زخمی‘ کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 3 افراد مارے گئے

میران شاہ+ کرم ایجنسی+ پشاور (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار جاں بحق  27 زخمی ہوگئے‘ نامعلوم دہشت گردوں نے رزمک روڈ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشان بنایا ‘حملے میں دو گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں جبکہ کرم ایجنسی میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ منگل کی شام شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میران شاہ کے قریب رزمک روڈ پر بم دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیاں تباہ ہو گئیں، 29 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ بم دھماکے کی زد میں آ کر دو گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا۔ واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔  ایک دوسرے واقعہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے تحصیل میر علی کے علاقے عیسوڑی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر  حملے کی ناکام کوشش کی۔ سڑک کنارے نصب بم کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر کرم ایجنسی میں تین مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکے سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے‘ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیٹکل حکام کے مطابق پیواڑہمزے کے مقام پر خروٹی سے آنے والے پک اپ گاڑی بارود ی سرنگ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی حمید خان، زوجہ حمید اورغازی مرجان موقع پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے زخمیوں کو سدہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پیواڑ جنگل میں عابد علی نامی شخص بارودی سرنگ کے دھماکے میں شدید زخمی حالت میں پارہ چنار ہسپتال پہنچایا گیا۔ مرغی چینہ لوئرکرم میں بھی دھماکہ ہوا جس میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر پشاور میں پولیس موبائل وین کو دہشت گردوں نے نشانہ بنا یا جس میں ایک اہل کار زخمی ہوا۔ واقعہ بھانہ ماڑی کے علاقے کوہاٹ رڈ پر پیش آیا  جہاں پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ کوہاٹ روڈ پر سڑک کنارے بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس سے گاڑی کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ دھماکے میں ایک سے ڈیڑھ کلوگرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ادھر پشاور کے علاقے تاج آباد میں واقع گھر میں ایف آئی اے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے دو افغان ملزم گرفتار کر لئے۔ ایس ایس پی نجیب الرحمن کے مطابق دونوں ملزمان گرے ٹریفکنگ میں ملوث تھے۔ افغان شہریوں عبداللہ اور بلال سے  18 ہزار غیرملکی سمز، کمپیوٹر موڈیم، دو رسیور، 19 موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔شمالی وزیرستان میں منگل کی  صبح چھ بجے سے کرفیو نافذ کردیا گیا، شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کرکے لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی گئی  ۔نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیرستان میں  غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا  ۔ اچانک نافذ کیے جانے والے کرفیو کے ساتھ ہی ایجنسی بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیے گئے  اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ۔ پولیٹکل حکام کے مطابق کرفیو سرحدی علاقوں میں واقع فورسز کی چیک پوسٹ پر ساز و سامان کی ترسیل کے باعث نافذ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن